ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار کی رحمن خان سے ملاقات، کرناٹک میں کانگریس کو مستحکم کرنے سینئر رہنما سے مشورہ

کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار کی رحمن خان سے ملاقات، کرناٹک میں کانگریس کو مستحکم کرنے سینئر رہنما سے مشورہ

Mon, 16 Mar 2020 09:52:51    S.O. News Service

بنگلورو،16؍مارچ(ایس او  نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی)کے نئے صدر ڈی کے شیو کمار نے اتوار کی دوپہر سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمن خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اورآنے والے دنو ں میں کانگریس پارٹی کو کرناٹک میں مضبوط کرنے اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے سینئر قائد سے دعائیں لیں - اس ملاقات کے دوران ڈی کے شیو کمار نے کرناٹک میں کانگریس قائدین کو ایک پلاٹ فارم پر لا کر انہیں پارٹی اور عوام کے مفاد کے لئے متحد کرنے کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا -

انہوں نے کہا کہ کانگریس کو مضبوط کرنے کے لئے ان کی تمام کوششوں کی کامیابی اس بات پرمنحصر ہے کہ پارٹی کے تمام قائدین ایک ہی مقصد کو لے کر آگے بڑھیں کہ پارٹی کو مضبوط کرنا ہے تاکہ عوام اور پارٹی کی بنیاد سمجھے جانے والے کارکنوں اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے قدم بڑھائے جا سکیں -

انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی قیادت نے انہیں پی سی سی کی صدارت ایک عہدے کی شکل میں نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری کے طور پر دی ہے اور اس کو نبھاتے ہوئے ان کی یہی کوشش ہو گی کہ پارٹی کے مفاد کو مقدم رکھیں - اس موقع پر ڈاکٹر کے رحمن خان نے ڈی کے شیو کمار کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور تقریباً 45منٹ تک پارٹی کو آنے والے دنوں میں مضبوط اور مستحکم کرنے کے سلسلہ میں دونوں رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا - اس مرحلے میں رحمن خان نے ڈی کے شیو کمار کو مشورہ دیا کہ پارٹی میں داخلی گروہ بندیوں کو ختم کرنے کی طرف متوجہ ہوں -

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے لئے بنیادی سطح پر کام کرنے والے اور پارٹی کے لئے ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے ان کارکنوں کو اعتماد میں لے کر اگر کام کیا جائے تو یہ ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں کانگریس پارٹی اپنی کھوئی ہوئی ساکھ اور وقار حاصل کرسکتی ہے- انہوں نے اقلیتوں کو موجودہ حکومت میں لاحق پریشانیوں کی طرف ڈی کے شیو کمار کو متوجہ کروایا اور کہا کہ کانگریس پارٹی سے یہ امید ہے کہ اگر وہ مضبوط ہو تی ہے تو کچھ حد تک اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے متحرک رہے گی- اس پر ڈی کے شیو کمار نے تیقن دیا کہ اقلیتی طبقہ بالخصوص مسلمانوں کی ان امیدوں کو رائیگاں ہو نے نہیں دیں گے- اس موقع پر ڈاکٹر رحمن خان کے اہل خانہ خصوصی طور پر ان کے فرزندان ڈاکٹر مسعود علی خان، مقصود علی خان، منصور علی خان اور جئے نگر، بنگلورو ساؤتھ اور آس پاس کے متعدد کانگریس قائدین موجود تھے-


Share: